اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزرا کے ہمراہ ایوان صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جہاں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے درمیان اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں آئندہ وفاقی بجٹ، سیاسی امور اور آزاد کشمیر کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا، حکومتی نمائندوں، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، پیپلز پارٹی کی بجٹ کمیٹی کے ارکان اور وزیراعظم آزاد کشمیر سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران وفاقی بجٹ کے حوالے سے پیپلز پارٹی کی جانب سے پیش کی گئی مختلف تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔ حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان متعدد بجٹ سفارشات پر اتفاق رائے پیدا ہوا، جبکہ وزیراعظم نے اتحادی جماعت کی اہم تجاویز کو بجٹ کا حصہ بنانے پر آمادگی ظاہر کی۔
اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری نے بعض سفارشات پر عمل درآمد میں تاخیر سے متعلق اپنے تحفظات بھی پیش کیے۔ اس موقع پر وزیراعظم اور چیئرمین پیپلز پارٹی کے درمیان علیحدہ ملاقات بھی ہوئی، جس میں بجٹ اور سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال بھی اجلاس کا اہم موضوع رہی۔ صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے تجویز دی کہ تمام معاملات کو سیاسی اور جمہوری طریقہ کار کے تحت مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔ اجلاس کے شرکا نے اس مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے اتفاق کیا کہ مسائل کے حل کے لیے بات چیت اور مشاورت کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق اجلاس میں ہونے والی مشاورت حکومت اور اتحادی جماعت کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ بجٹ کی منظوری اور اہم سیاسی معاملات پر اتفاق رائے پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔





