سکیورٹی فورسز نے راولاکوٹ شہر کا کنٹرول سنبھال لیا

0
27

راولاکوٹ: آزاد کشمیر کے شہر راولاکوٹ میں حالیہ کشیدہ صورتحال کے بعد سکیورٹی فورسز نے شہر کا کنٹرول سنبھال لیا ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ شہر کے اہم داخلی و خارجی راستوں پر چیک پوسٹیں قائم کر دی گئی ہیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مسلسل گشت کر رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق سپلائی بازار اور سی ایم ایچ کے اطراف احتجاج کرنے والے افراد کو منتشر کر دیا گیا، جس کے بعد شہر کے حساس مقامات پر سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی۔ راولاکوٹ کے بیشتر بازار، کاروباری مراکز اور دکانیں بند ہیں، جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کہیں کم دکھائی دے رہی ہے۔

ترجمان آئی جی پولیس آزاد کشمیر کے مطابق چند روز قبل کالعدم قرار دی گئی ایک تنظیم کے مسلح عناصر نے شہر میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر فائرنگ کی۔ ترجمان کے مطابق بعض عناصر نے سی ایم ایچ راولاکوٹ کا محاصرہ بھی کیا، جس سے اسپتال کی معمول کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اداروں نے محدود اور منظم کارروائی کرتے ہوئے اسپتال کا محاصرہ ختم کرایا اور شہریوں، مریضوں، طبی عملے اور سرکاری املاک کے تحفظ کو یقینی بنایا۔ کارروائی کے بعد اسپتال میں طبی سہولیات اور معمول کی سرگرمیاں دوبارہ بحال کر دی گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق حالیہ واقعات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے چار اہلکار جان کی بازی ہار چکے ہیں، جن میں پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکار شامل ہیں، جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مکمل نظر رکھی جا رہی ہے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات جاری رہیں گے۔

انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور کسی بھی غیر مصدقہ اطلاع پر ردعمل دینے کے بجائے سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا