بلوچستان میں 14 دہشتگرد مارے گئے، 1 جوان شہید

0
29

راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع بیسمہ کے علاقے نال میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 14 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے مبینہ منصوبے کو ناکام بنایا گیا، جبکہ ایک بہادر فوجی جوان وطن کے دفاع میں شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے نال کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور ان کی نقل و حرکت کو محدود کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد مبینہ طور پر پولیس اسٹیشنوں اور بینکوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ بروقت اور تیز رفتار کارروائی کے نتیجے میں ان کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے گئے اور علاقے میں امن و امان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کو روک دیا گیا۔

بیان کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے زیر استعمال چار گاڑیاں اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈیز) بھی تباہ کر دیے گئے۔ تاہم فائرنگ کے تبادلے میں لانس حوالدار محمد عباس نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر نے شہید جوان کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔

فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور امن کے قیام تک اپنی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا