ژوب: بلوچستان کے ضلع ژوب میں مسافر بس گہری کھائی میں گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت 40 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ ژوب کے علاقے داناسر میں پیش آیا، جہاں بریک فیل ہونے کے باعث بس بے قابو ہو کر کھائی میں جاگری۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے میڈیا امور شاہد رند نے بتایا کہ حادثہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی سرحد کے قریب پیش آیا، جہاں دونوں صوبوں کی ریسکیو ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے، محکمہ صحت، ایف سی اور دیگر ادارے موقع پر موجود ہیں۔
شاہد رند کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ بس میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار تھے، جبکہ ایک خراب ہونے والی دوسری بس کے مسافروں کو بھی اسی گاڑی میں بٹھایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حادثے کی وجوہات کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں اور حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت، زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور متعلقہ اداروں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔






