ملک بھر میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد روٹی اور نان کی قیمتیں بھی بڑھنے لگیں۔ لاہور میں نان بائی ایسوسی ایشن نے پہلے روٹی 20 اور نان 30 روپے کرنے کا اعلان کیا تھا، جبکہ اب 20 کلو آٹے کی قیمت 2400 روپے اور میدے کی بوری 12 ہزار روپے ہونے کا جواز پیش کرتے ہوئے سادہ روٹی 25 اور نان 35 روپے میں فروخت کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
نان بائی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ مہنگے آٹے، ایل پی جی اور دیگر اخراجات کے باعث سرکاری نرخوں پر روٹی فروخت کرنا ممکن نہیں، اگر حکومت نے تین روز میں مذاکرات نہ کیے تو احتجاجاً تندور بند کر دیے جائیں گے۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ قیمتوں میں دوبارہ اضافے کا کوئی جواز نہیں، یکطرفہ نرخ بڑھانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ادھر کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی 20 روپے والی روٹی 25 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔






