بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے جنتر منتر پر احتجاج کرنے والی کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے مظاہرین کو معاف کرنے کا اعلان کر دیا۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے ویڈیو بیان میں نریندر مودی نے کہا کہ جنتر منتر پر جو کچھ ہوا، اسے بھارت سمیت پوری دنیا نے دیکھا۔ ان کے بقول کچھ شرارتی نوجوانوں نے نہ صرف انہیں بلکہ ان کی مرحومہ والدہ کو بھی نازیبا الفاظ کہے، جو کسی بھی مہذب معاشرے کے شایانِ شان نہیں۔
مودی نے کہا کہ بچپن میں غلطیاں ہوتی ہیں اور انہی غلطیوں سے سیکھنے کا موقع بھی ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو سزا دینے یا عدالتوں کے چکر لگوانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ انہیں صحیح راستہ دکھانا ضروری ہے۔
بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ وہ احتجاج میں شریک نوجوانوں کو معاف کرنا چاہتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ معاشرہ بھی اس جذبے کو قبول کرے گا۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ “کبھی کبھی دانتوں کے نیچے زبان آجاتی ہے، خون بھی نکل آتا ہے، لیکن ہم دانت نہیں توڑتے، اسی طرح یہ بچے بھی ہمارے ہیں۔”
انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ احتجاج اور تلخیوں کو پیچھے چھوڑ کر ملک کی ترقی کے لیے مل کر آگے بڑھیں، نئی چیزیں سیکھیں اور اپنے خوابوں کی تعبیر کے لیے مثبت کردار ادا کریں۔





