کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے پنجگور میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران 5 دہشتگرد مارے گئے جبکہ ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحے اور گولہ بارود کو بھی تباہ کردیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔






