اسلام آباد: تحریک انصاف کے مرکزی جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ انہیں مشال یوسفزئی کو سینیٹ سے فارغ کرنے کا کوئی اختیار نہیں، انہوں نے درگزر سے کام لیا ورنہ پارٹی میں انتشار پیدا ہوجاتا۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ مشال یوسفزئی اکیلی نہیں بلکہ ان کے ساتھ ایک گروپ بھی موجود ہے، جس کی حقیقت وقت کے ساتھ سب کے سامنے آجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں جس معاملے کو ہوا دی گئی، وہ اسے مزید ہوا نہیں دیں گے۔ سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ انہیں معلوم نہیں کہ مشال یوسفزئی کو سینیٹر کس نے بنایا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سلمان اکرم راجا اور مشال یوسفزئی کی مبینہ آڈیو بھی سامنے آئی تھی، جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔
مبینہ آڈیو میں سلمان اکرم راجا نے اپنی زندگی اور کردار کے حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی کھلی کتاب ہے اور کوئی ایسا لمحہ نہیں جس پر کوئی انگلی اٹھا سکے۔
دوسری جانب مشال یوسفزئی نے الزام عائد کیا کہ سلمان اکرم راجا نے بانی پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کو اپنے لیے استعمال کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر وہ اس معاملے پر لکھنا شروع کردیں تو سلمان اکرم راجا خود حیران و پریشان ہوجائیں گے۔
قریبی ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان مبینہ طور پر تلخ کلامی ہوئی تھی، تاہم دونوں جانب سے سامنے آنے والے دعووں اور الزامات پر مزید وضاحت سامنے نہیں آئی۔






