راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یوم آزادی کے موقع پر پاک فوج کے سابق فوجیوں کے اعزاز میں استقبالیہ دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق استقبالیے میں سابق آرمی چیفس سمیت بڑی تعداد میں ریٹائرڈ فوجی افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ملکی دفاع کے لیے سابق فوجیوں کی خدمات اور کردار کو خراج تحسین پیش کیا اور قومی استقامت مضبوط بنانے میں ان کے کردار کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پیچیدہ سکیورٹی ماحول سے نمٹنے کے لیے سابق فوجیوں کا تجربہ اور رہنمائی پاک فوج کے لیے قیمتی ادارہ جاتی اثاثہ ہے۔
سابق فوجیوں نے پاک فوج کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ابھرتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے فوج کی مسلسل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔
سابق فوجیوں نے قومی اتحاد، امن اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔






