راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے پولیس کے ہمراہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں انٹیلیجنس بیسڈ مشترکہ کارروائیوں کے دوران 49 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں متعدد خفیہ اطلاعات پر مبنی آپریشنز کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے اضلاع مستونگ، مچھ، خضدار اور پنجگور میں 10 کارروائیاں کی گئیں، جن میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 37 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں ہتھیار، دھماکا خیز مواد اور ریموٹ ڈیٹونیشن آلات بھی برآمد کرکے تلف کیے گئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق بنوں، شمالی وزیرستان، اورکزئی اور خیبر میں بھی متعدد انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 12 خوارج ہلاک ہوئے۔
کارروائیوں میں دھماکا خیز مواد، آئی ای ڈیز، اسلحہ، گولہ بارود اور موٹرسائیکلیں بھی برآمد کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائیاں بھارتی پراکسیز، فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے خلاف جاری بلا تعطل انسدادِ دہشت گردی مہم کا حصہ ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو مؤثر انداز میں ناکام بنایا ہے، جبکہ علاقے میں موجود دیگر دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔






