پاکستان مسئلہ کشمیر کے منصفانہ و پرامن حل کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا، دفتر خارجہ

0
139

اسلام آباد(طلوع نیوز) پاکستان دفترخارجہ نے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے پیر کو پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستانی قوم نے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ 5 اگست 2019 کے بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے چار سال مکمل ہونے کے موقع پر 5 اگست کو مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ترجمان نے کہا کہ بھارت نے 2019 کے بعد اپنے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لیے کئی اقدامات کئے ہیں اور کشمیری عوام پر مظالم کا سلسلہ تیز کیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت نے انتخابی حلقوں کی منتخب حد بندی کی ہے، لاکھوں غیر کشمیریوں کو جعلی ڈومیسائل جاری کیے ہیں اور موجودہ انتخابی فہرستوں میں ردوبدل کے لیے لاکھوں عارضی رہائشیوں کو شامل کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو حق رائے دہی سے محروم کرنا اور انہیں اپنی ہی سرزمین میں چوتھے جنیوا کنونشن کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک بے اختیار اقلیت میں تبدیل کرنا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی زیر نگرانی رائے شماری میں اپنے مستقبل کا خود تعین کرنے کا حق ہے جس کا حق انہیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں دیا گیا ہے۔دفتر خارجہ نے کہاہے کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم بھارت میں ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی ،ٹیم کی سکیورٹی بارے تحفظات سے آئی سی سی اور بھارتی حکام کو آگاہ کیا جا رہا ہے۔ ممتاز زہرہ بلوچ نے پیر کو پریس بریفنگ میں کہا کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں ہمارا حصہ لینے کا فیصلہ پاکستان کے مستقل موقف کی عکاسی کرتا ہے کہ کھیلوں کو سیاست سے نہیں ملایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا تعمیری اور ذمہ دارانہ انداز بھارت سے متصادم ہے جس نے بار بار اپنی کرکٹ ٹیم کو ایشیا کپ کے لئے پاکستان بھیجنے یا پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو ویزے دینے سے انکار کرکے کھیلوں کی سیاست کی ہے۔ترجمان نے توقع ظاہر کہ بھارت کے دورہ کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کو مطلوبہ شائستگی ، مکمل حفاظت اور تحفظ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم کی سکیورٹی کے بارے میں ہمارے گہرے تحفظات سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور بھارتی حکام کو آگاہ کیا جا رہا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا