ملکی معیشت میں سٹاک مارکیٹ کا کلیدی کردار ہے: انوار الحق کاکڑ

0
175

کراچی (طلوع نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ملکی معیشت میں سٹاک مارکیٹ کا کلیدی کردار ہے۔

کراچی میں پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ اجارہ سکوک اجراء تقریب میں شرکت اعزاز ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ آج گونگ کی آواز صرف یہاں نہیں پاکستان کی کیپٹل راہداریوں میں گونجی ہے، ہمارا عزم ہے کہ معاشی بہتری کے ثمرات سے قوم مستفید ہو۔

نگران وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ رواں سال ملک کی معیشت کو کئی چیلنجز کا سامنا رہا، آئی ایم ایف کے ساتھ سٹینڈ بائی معاہدے سے سرمایہ کاروں میں اعتماد آیا۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کی بہتری کے باعث سٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان ہے، معاشی بہتری سے سٹاک مارکیٹ ستمبر سے 40 فیصد بڑھی ہے اور ڈالر کا بھاؤ ستمبر میں 307 روپے تھا جو آج 284 کے لگ بھگ ہے۔

دوسری جانب سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے سے پاکستان سٹاک مارکیٹ میں روز بروز ریکارڈ قائم ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔

کاروباری ہفتے کے آخری روز کاروبار کے آغاز پر ہی پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی ہے، سٹاک مارکیٹ پہلی بار 65 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کر گئی ہے۔

سٹاک مارکیٹ میں 653 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 100 انڈیکس 65 ہزار 371 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان سٹاک مارکیٹ 64 ہزار 718 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی۔

دوسری جانب انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قدر میں کمی کا سلسلہ برقرار ہے۔

کاروباری ہفتے کے آخری روز انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں 37 پیسے کی کمی دیکھی گئی ہے جس کے بعد انٹربینک میں ڈالر 283 روپے 75 پیسے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری دن کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر 284 روپے 12 پیسے پر بند ہوا تھا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا