مظفر آباد(طلوع نیوز)نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ طاقت کے زور پر بھارت کشمیریوں سے آزادی چھین نہیں سکتا۔ کشمیری اس کایہ خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہونے دینگے۔ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کا نامکمل ایجنڈا ہے، یہ مسئلہ 7 دہائیوں سے اقوام متحدہ میں حل طلب ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر پر ناجائز قانون سازی کر رہا ہے، بھارتی سپریم کورٹ کا کشمیر پر فیصلہ مضحکہ خیز غیر قانونی اور غیر آئینی ہے، بھارت قانون سازی سے عالمی ذمہ داری سے نہیں بچ سکتا۔آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ایوان میں مدعو کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں، پہلا نگراں وزیراعظم ہوں جسے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں خطاب کے لیے دعوت دی گئی۔نگراں وزیراعظم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ میں پچھلی 7 دہائیوں سے حل طلب ہے، مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر بھارتی ظلم وبربریت جاری ہے، مسئلہ کشمیر عالمی طور پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے، مقبوضہ کشمیر میں اس وقت بھی لاکھوں کشمیری بھارتی غیرقانونی تسلط میں ہیں، 1948 سے جموں کشمیرعالمی سطح پر نامکمل ایجنڈا ہے، کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ قرار دادوں کے مطابق حل طلب ہے۔انوار الحق کاکڑ کا مزید کہنا تھا کہ 3 دن قبل بھارتی سپریم کورٹ نے مسئلہ کشمیر پر غیر قانونی اور غیر آئینی فیصلہ دیا، اقوام متحدہ کے مطابق جموں و کشمیر کا مسئلہ صرف اور صرف کشمیریوں کی استصواب رائے سے حل ہوگا، بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ کشمیر پر اپنے قبضے کو دوام بخشنے کے لیے ہے، کشمیریوں نے بھارتی اقدامات کو یکسر مسترد کردیا ہے، کٹھ پتلی عدالتی فیصلوں سے زمینی حقائق بدلے نہیں جاسکتے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ کشمیریوں کو طاقت کے زور پر زیر کرنے کا بھارتی خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، پاکستان کشمیریوں کی تحریک آزادی کی مکمل حمایت کرتا ہے، بھارتی افواج کے پیلٹ گنز کے استعمال سے لاکھوں کشمیریوں کی بینائی ضائع کی جاچکی ہے، کب تک کشمیریوں کی آواز کو دبایا جاتا رہے گا؟ کب تک بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری رہے گی؟نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیا کو اپنا کردار ادا کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کوشش کرنا ہوگی، کچھ ماہ قبل یاسین ملک کو سزائے موت سنائی گئی، ایسی سزائیں صرف کٹھ پتلی عدالتیں ہی سناسکتی ہیں، خوف اور جبر کی فضا میں ترقی وخوشحالی کیسے ممکن ہوسکتی ہے؟ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، ہم مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستانی لیڈر شپ کشمیری قیادت کے ہم قدم ہے، ہم نے متعدد بار مسئلہ کشمیر سمیت تمام معاملات کو افہام وتفہیم سے حل کرنے کی کوشش کی، بھارت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے بارے میں بھارتی سیاسی رہنما ہرزہ سرائی کرتے رہتے ہیں، دنیا کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ ہم اپنے مفاد اور سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، بھارت نے کبھی بھی آزاد مبصرین اور عالمی میڈیا کو مقبوضہ کشمیر تک رسائی نہیں دی، پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ میری اپنی زمین، اپنے لوگوں کا مقدمہ ہے، پاکستان مسئلہ کشمیر کا وکیل ہے، ہم سب آپ کے مقروض ہیں، مقبوضہ کشمیر میں جو قربانیاں کشمیریوں نے دی ہیں ان کو بھلایا نہیں جاسکتا۔قبل ایں نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہاکہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی متزلزل نہیں ہو گی بلکہ اور مضبوط ہو گی، پاکستانیوں کے دل اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی متزلزل نہیں بلکہ اور مضبوط ہو گی۔قبل ازیںنگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے تحریک آزادی کشمیر میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو شاندار خراج عقیدت پیش کیاہے۔نگران وزیراعظم مظفر آباد کے دو روزہ دورے کے دوران یادگار شہدا پر گئے۔ انہوں نے یادگار شہداپر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعظم نے یادگار شہداپر جموں وکشمیر کی آزادی کیلئے قربانیاں دینے والے رہنمائوں کی تصاویربھی دیکھیں۔ بعد ازاں وزیراعظم پاکستان جب آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی تو انہیں آزاد کشمیر پولیس کے چاق و چوبند دستے کی طرف سے گارڈ آف آنر پیش کیاگیا۔وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کایہ دورہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کے حوالے سے بھارت کے یک طرفہ اور غیر قانونی اقدام کی بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے توثیق کے تناظر میں جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے کر رہے ہیں ۔اس سے قبل مظفر آباد آمد پر آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے ہیلی پیڈ پرنگران وزیراعظم کا استقبال کیا۔جبکہ انوار الحق کاکڑ نے آزاد کشمیر کے وزیر اعظم چوہدری انوار الحق اور قانون ساز اسمبلی کے سپیکر چوہدری لطیف اکبر سے گفتگوکرتے ہوئے کیا جنہوں نے مظفر آباد میںقانون ساز اسمبلی کے ا سپیکر چیمبر میں ان سے ملاقات کی۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو آزاد کشمیر آمد پر خوش آمدید کہا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر اور سپیکر قانون ساز اسمبلی نے بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی پر وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا شکریہ ادا کیا۔





