پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما اور سابق اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے الیکشن سے دستبردار ہو گئے انہوں نے اپنے بیٹے دانیال کو نامزد کردیا۔سابق رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض عام انتخابات میں فیصل آباد کے حلقہ این اے 104 سے دستبردار ہوگئے ، انہوں نے کہا کہ میری صحت خراب ہے جس کے باعث میں الیکشن میں حصہ نہیں لے سکوں گا میری جگہ اب میرا بیٹا دانیال الیکشن لڑے گا میری عوام سے درخواست ہے کہ میرے بیٹے کو ووٹ دے کر کامیاب کریں ۔ذرائع کے مطابق راجہ دانیال نے ٹکٹ ریٹرننگ آفیسر کے پاس جمع کرادیے ہیں جبکہ راجہ دانیال پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار ہوں گے۔ یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے سابق اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 104 سے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے تھے۔8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات کیلیے راجہ ریاض نے این اے 104 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے جس پر کوئی اعتراض نہیں اٹھایا گیا تھا۔راجہ ریاض نے کاغذات نامزدگی منظور ہونے پر کہا تھا کہ اس حلقے سے میرے اور میرے بیٹے دانیال کے کاغذات منظور ہوگئے، بلے کا نشان بحال ہونے پر اب پی ٹی آئی میدان میں آئے۔ رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ پیپلز پارٹی تو گزشتہ انتخابات میں بھی دوڑ سے باہر تھی، (ن) لیگ کے جس امیدوار کو ٹکٹ ملے گا اس کو سپورٹ کریں گے، لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی نواز شریف نے ختم کی تھی۔ تاہم اب راجہ ریاض نے عوام سے درخواست کی ہے کہ جس طرح 2018 کے الیکشن مجھے عوام نے جیت سے ہمکنار کرایا تھا اس بار امید ہے کہ وہ میرے بیٹے کی جیت میں بھی بھرپور حصہ ڈالیں گے۔






