سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست دائرکردی،عدالت نے نیب کونوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کر دی
سابق وزیرخزانہ اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سرنڈر کرنے کیلئے تیار ہوگئے ہیں۔ اسحاق ڈار نے وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست دائرکردی ہے۔ ان کی یہ درخواست احتساب عدالت کے جج محمد بشیرکی عدالت میں دائرکی گئی۔
سابق وزیر خزانہ کے وکیل قاضی مصباح نے درخواست دائر کرتے ہوئے احتساب عدالت سے استدعا کی کہ نیب اسحاق ڈارکے وارنٹ گرفتاری واپس لے،اسحاق ڈارسرنڈرکرنے کیلئے تیار ہیں۔ وکیل نے یہ بھی استدعا کی کہ انہیں پاکستان واپسی پر گرفتار نہ کیا جائے۔ عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے اشتہاری قرار دینے کے خلاف بدھ کے روز ہی سپریم کورٹ میں دائر درخواست واپس لے لی تھی۔ اور اسی روز اسلام آباد کی احتساب عدالت سے رجوع کر لیا تھا۔
یاد رہے کہ سابق وزیر خذانہ اکتوبر 2017 میں اس وقت علاج کے بہانے ملک سے فرار ہو گئے تھے جب ان پر آمدن سے ذائد اثاثوں کا کیس چل رہا تھا، ان پر 83 کروڑ سے زائد کے ایسے اثاثے بنانے کا الزام تھا جس کے ذرائع آمدن مشکوک تھے۔
بعد ازاں اسحاق ڈار کو نومبر 2017 میں عدالت نے اشتہاری قرار دے دیا تھا، جبکہ اسحاق ڈار کو دسمبر 2017 میں حدیبیہ پیپر ملز کیس میں بھی اشتہاری قرار دے دیا گیا تھا۔






