امریکی ریاست فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سینٹیس نے 2024 کی صدارتی دوڑ سے دستبردار ہو کر سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارتی الیکشن سے قبل اہم کامیابی ملی ہے کیونکہ فلوریڈا کے گورنر اور ان کے حریف رون ڈی سینٹیس نے الیکشن سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے ان کی حمایت کر دی ہے۔ رون ڈی سینٹیس نے نیو ہیمپشائر میں ریپبلکن پرائمری الیکشن سے پہلے استعفی دیا ہے، ڈی سینٹیس کو پارٹی کی نامزدگی کا مضبوط دعویدار سمجھا جاتا تھا لیکن اتوار کو انہوں نے کہا کہ ان کے پاس کامیابی کا واضح راستہ نہیں ہے۔ رپورٹس کے مطابق نکی ہیلی اب ڈونلڈٹرمپ کی آخری چیلنجر ہیں اور وہ منگل کو نیو ہیمپشائر میں سابق امریکی صدر کے سامنے ہوں گی جو نومبر میں ہونے والے عام انتخابات کے لیے ریپبلکن امیدوار کو منتخب کرنے کے لیے ریاست بہ ریاست مقابلوں کی دوسری سیریز ہے۔ گورنر رون ڈی سینٹیس نے اپنی سات ماہ کی مہم ختم کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی سازگار نتیجہ پیدا کرنے کے لیے میں کچھ کر سکتا ہوں تو میں یہ کروں گا، میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کر رہا ہوں جو آئیووا میں 51 فیصد ووٹوں کے ساتھ پہلا مقابلہ جیتنے کے بعد واضح طور پر سب سے آگے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ واضح ہو گیا ہے کہ ریپبلکن ووٹروں کی اکثریت ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک اور موقع دینا چاہتی ہے، دوسری جانب ٹرمپ نے اپنے سابق حریف کو لاجواب شخص قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے واقعی ایک اچھی مہم چلائی ہے۔






