حب: بلوچستان کے ضلع حب میں شاہ نورانی مزار کی جانب جانے والے زائرین کا ٹرک کھائی میں گر گیا جس کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے۔شاہ نورانی مزار بلوچستان کے ضلع خضدار میں واقع ہے جبکہ زائرین کو لے جانے والا ٹرک بلوچستان کے ضلع حب میں گر گیا تھا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ زائرین کراچی سے مزار کی جانب سفر کر رہے تھے۔دوسری جانب پولیس نے جیو نیوز کو بتایا کہ حادثے میں ملوث زائرین کا تعلق سندھ کے ضلع ٹھٹھہ سے ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
صوبائی حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ حب کے جام غلام قادر اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قلات اور حب کے کمشنرز کو ہنگامی ہدایات ارسال کردی گئی ہیں۔ترجمان نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ شدید زخمیوں کو کراچی منتقل کرنے کے لیے سندھ حکومت سے رابطہ کیا جائے۔سیکریٹری صحت بلوچستان عبداللہ خان کے مطابق جاں بحق ہونے والے 5 افراد کی لاشیں اور 16 زخمیوں کو حب کے جام غلام قادر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی۔شاہ نورانی مزار کراچی سے تقریبا 200 کلومیٹر دور ایک دور افتادہ پہاڑی علاقے میں واقع ہے۔






