فاروق ستار کے بیان پر شرجیل انعام میمن کا سخت ردعمل

0
100

کراچی: ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار کے بیان پر صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کا ردعمل سامنے آگیا۔

اپنے ایک بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ فاروق ستار کی شکایت وزیر اعظم سے ہے لیکن غصہ سندھ حکومت پر نکالا جا رہا ہے۔ ذاتی شکوؤں کو سیاسی ایجنڈے میں بدلنا فاروق ستار کی پرانی روایت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بارش کو جواز بنا کر سترہ سالہ بدعنوانی کا الزام لگانا فاروق ستار کی بوکھلاہٹ کی نشانی ہے، جبکہ یہ حقیقت ہے کہ ایم کیو ایم طویل عرصے تک اقتدار میں شریک رہی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ کراچی کے عوام آج بھی ایم کیو ایم کے دور حکومت کی کرپشن، جعلی بھرتیوں اور اداروں کی تباہی کے اثرات بھگت رہے ہیں، سندھ حکومت نے کراچی میں وہ کر دکھایا جو ایم کیو ایم اپنی چالیس سالہ تاریخ میں نہیں کر سکی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شدید بارش کے بعد شہر کے بیشتر علاقے چند گھنٹوں میں معمول پر آگئے تو ایم کیو ایم بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی۔ این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر ریسکیو و ریلیف آپریشن جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی سندھ کا دل ہے اور رہے گا، شہر کو سندھ سے الگ کرنے کا بیانیہ کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔ سندھ حکومت نے کراچی کے لیے اربوں روپے کے منصوبے مکمل کیے ہیں، پیپلز بس سروس، کے فور منصوبہ اور انفراسٹرکچر کی بہتری اس کی مثال ہیں۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ فاروق ستار بے بنیاد الزامات لگانے کے بجائے اپنی جماعت کی چالیس سالہ کارکردگی کا حساب دیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا