بھارتی ٹیسٹ ٹیم کے سابق کپتان روہت شرما نے ٹیسٹ فارمیٹ کو ذہنی طور پر سب سے زیادہ چیلنجنگ قرار دیتے ہوئے یہ انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے غلطی سے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی۔
روہت شرما اب تک 67 ٹیسٹ میچوں میں 116 اننگز کھیلتے ہوئے 4301 رنز بنا چکے ہیں جن میں 12 سنچریاں اور 18 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ تاہم گزشتہ چند ماہ سے وہ ٹیسٹ فارمیٹ سے دور ہیں اور اس وقت ٹیم کی قیادت شبمن گل کر رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں روہت شرما نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کے پانچ دن کھلاڑی کو شدید ذہنی دباؤ میں رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ممبئی میں کلب ٹیسٹ میچز بھی دو سے تین دن تک چلتے ہیں اور وہاں سے کھلاڑیوں کو چھوٹی عمر میں ہی مشکل حالات کا سامنا کرنے کی تربیت ملتی ہے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ کیریئر کے آغاز میں وہ تیاری کی اہمیت کو نہیں سمجھتے تھے لیکن وقت کے ساتھ کوچز اور سینئر کھلاڑیوں نے یہ حقیقت واضح کی کہ ٹیسٹ کرکٹ ہی اصل فارمیٹ ہے جو نظم و ضبط پیدا کرتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق روہت شرما کے اس بیان کو ان کی ٹیسٹ ریٹائرمنٹ کے غیر رسمی اعتراف کے طور پر لیا جا رہا ہے، تاہم وہ اب بھی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔






