اسلام آباد: وزیرِ مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ پاکستان جمہوریت، آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی پر پختہ یقین رکھتا ہے۔
یوگنڈا میں ہونے والے اے اے ایل سی او کے 63 ویں سالانہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل ملک نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ پاکستان ہمیشہ حقِ خود ارادیت کے اصول کی حمایت کرتا رہا ہے۔
انہوں نے ترقی پذیر ممالک پر موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے بین الاقوامی معاشی و قانونی نظام میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا۔ مزید کہا کہ ڈیجیٹل گورننس، مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا پروٹیکشن جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں میں ترقی پذیر ممالک کا کردار نہایت اہم ہے۔
اجلاس کے دوران بیرسٹر عقیل ملک نے سعودی عرب کے وزیرِ مملکت اور صومالیہ کے وزیرِ انصاف سے ملاقاتیں بھی کیں، جن میں دو طرفہ قانونی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔






