سابق صدر عارف علوی کے خلاف دائر اندراج مقدمے کی درخواست پر عدالت نے تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
سیشن کورٹ لاہور نے ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ معاملے میں اگر کوئی غیر قانونی اقدام ہوا ہے تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ یہ فیصلہ ایڈیشنل سیشن جج شفقت شہباز راجا نے جاری کیا۔
درخواست شہزادہ عدنان کی جانب سے ان کے وکیل مدثر چوہدری ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی گئی تھی۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ عارف علوی نے بیرون ملک تقریر میں توہین آمیز الفاظ استعمال کیے اور ایف آئی اے کو مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی گئی، لیکن مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ اس بنا پر عدالت سے مقدمہ درج کرنے کا حکم دینے کی استدعا کی گئی تھی۔





