ریاض: وزیراعظم شہباز شریف ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سرکاری دورے پر ریاض پہنچے تو سعودی لڑاکا طیاروں نے ان کے جہاز کو حصار میں لے کر شاندار استقبال کیا۔ وزیراعظم نے طیارے کے کاک پٹ سے سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
کنگ خالد ایئرپورٹ پر ریاض کے نائب گورنر، سعودی اور پاکستانی سفیروں سمیت اعلیٰ حکام نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہیں 21 توپوں کی سلامی اور سعودی افواج کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔ شہر بھر میں سبز ہلالی پرچم لہرائے گئے۔
بعد ازاں وزیراعظم قصر یمامہ پہنچے جہاں گھڑسواروں اور سعودی شاہی پروٹوکول کے ساتھ ان کا استقبال کیا گیا۔ شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک اور طارق فاطمی بھی شریک تھے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ سعودی فضائیہ کی جانب سے یہ شاندار استقبال برادرانہ محبت اور احترام کی علامت ہے، جو پاکستان کی سفارتی مہارت اور افواج کی کامیابیوں کا نتیجہ ہے۔






