انتناناریوو: مڈغاسکر میں پانی اور بجلی کی شدید کمی کے خلاف شروع ہونے والے مظاہرے پرتشدد صورت اختیار کر گئے، جس پر حکومت نے دارالحکومت انتناناریوو میں شام 7 بجے سے صبح 5 بجے تک کرفیو نافذ کر دیا۔
ہزاروں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے اور ’’ہمیں پانی چاہئے، ہمیں بجلی چاہئے‘‘ کے نعرے لگاتے رہے۔ پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس استعمال کی، تاہم مظاہرین مختلف علاقوں میں احتجاج کرتے رہے۔
دارالحکومت کے ایک بڑے شاپنگ مال کو لوٹ کر آگ لگا دی گئی جبکہ دو ارکان پارلیمنٹ کے گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔ جنرل انجیلو راوِلوناریوو کے مطابق کچھ عناصر حالات کا فائدہ اٹھا کر عوام کی املاک کو نقصان پہنچا رہے ہیں، اس لیے امن و امان کی بحالی تک کرفیو نافذ رہے گا۔
مڈغاسکر انڈین اوشین کا ایک غریب ملک ہے جہاں عوام صدر اینڈری راجویلینا کی حکومت کو معاشی و سماجی حالات بہتر نہ بنانے پر تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔






