باجوڑ کے علاقے لغڑئی میں فتنہ الخوارج کے چھوڑے گئے بارودی مواد کے دھماکے سے 3 معصوم بچے شہید اور 5 زخمی ہو گئے۔ زخمی بچوں کو پاک فوج نے فوری ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور سی ایم ایچ منتقل کیا، جہاں ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں علاج جاری ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ فتنہ الخوارج نے شہری علاقوں میں خطرناک بارودی جال بچھا رکھا ہے اور ماضی میں بھی مساجد و گھروں کو ڈھال بنا کر دہشت گردانہ کارروائیاں کرتے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل وادی تیراہ میں بھی بارودی مواد پھٹنے سے کئی شہری شہید اور 14 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔ سکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ عوام کے تعاون سے باجوڑ کو فتنہ الخوارج کے خطرات سے جلد مکمل پاک کیا جائے گا۔






