پہلی قومی یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی متعارف ،2029 تک سو فیصد روزگار کے حصول کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، رانا مشہود

0
131

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی تاریخ کی پہلی قومی یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی متعارف کرا دی گئی ہے۔ اس پالیسی کے تحت 2029 تک ملک کی افرادی قوت میں سو فیصد روزگار کے حصول کو یقینی بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پالیسی کا مقصد نوجوانوں کو عزت اور وقار کے ساتھ روزگار فراہم کرنا ہے۔

ایوانِ اقبال لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے بتایا کہ پالیسی کے تحت ملک کے تمام اضلاع میں ایمپلائمنٹ ایکسچینجز قائم کیے جائیں گے اور ایک ڈیجیٹل یوتھ ایپ بھی متعارف کرائی جا رہی ہے تاکہ نوجوانوں کو روزگار کی سہولت ان کی دہلیز پر میسر ہو۔ اس پالیسی میں زرعی و خوراک کی پیداوار، ای کامرس، صحت، ہاؤسنگ و تعمیرات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، لاجسٹکس، مینو فیکچرنگ، معدنیات، سیاحت اور بیرون ملک ملازمت کے شعبوں کو ترجیح دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پالیسی کے تحت ہر سال کم از کم دس فیصد نئے بزنسز رجسٹرڈ ہوں گے اور گرین جابز کے لیے ٹیکس کریڈٹ فراہم کیا جائے گا۔ اپرنٹس شپ اور فلیکسیبل ٹریننگ پارٹنرشپس شروع کی جائیں گی جبکہ خواتین کو بھی بھرپور نمائندگی دی جائے گی۔ ہدف رکھا گیا ہے کہ 2029 تک پینتیس فیصد خواتین روزگار کے عمل کا حصہ بنیں۔

رانا مشہود احمد خان نے مزید کہا کہ تعلیم سے محروم اور پسماندہ نوجوانوں کو بھی دوسرا موقع دیا جائے گا تاکہ وہ ہنر سیکھ کر معاشرے کا فعال حصہ بن سکیں۔ بیرون ملک ملازمت کے خواہش مند نوجوانوں کو دس لاکھ روپے تک کا بلاسود قرض فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ دو سے تین سالوں میں تقریباً اٹھارہ لاکھ پاکستانی نوجوان سعودی عرب، قطر، چین، ترکیہ اور امریکہ سمیت مختلف ممالک میں باعزت روزگار حاصل کریں گے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا