عمران خان کے ٹرائل پر تحفظات، عدلیہ پر عوامی اعتماد کم ہو رہا ہے: بیرسٹر گوہر

0
220

راولپنڈی: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے عمران خان کے ٹرائل پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدلیہ پر عوامی اعتماد کم ہوتا جا رہا ہے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ ان کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں ہو سکی تاہم امید ہے کل ملاقات ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سے آج سلمان اکرم راجا، بیرسٹر سیف اور بیرسٹر علی ظفر کی ملاقات ہوئی ہے جبکہ شام چار بجے پریس کانفرنس کی جائے گی۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پاکستان میں 24 لاکھ سے زائد مقدمات زیر التوا ہیں جن میں بانی پی ٹی آئی کے کیسز بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری درخواست ہے کہ عمران خان کے مقدمات بھی دیگر کیسز کی طرح اوپن ٹرائل کے ذریعے چلائے جائیں تاکہ عوامی شکوک و شبہات ختم ہوں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ جس تیزی سے ٹرائل چلائے جا رہے ہیں اس سے آزاد عدلیہ پر سوال اٹھتے ہیں۔ القادر ٹرسٹ کیس میں بھی گزشتہ 8 ماہ سے ضمانت التوا کا شکار ہے۔

بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ عمران خان نے ہدایت دی ہے کہ جیل کے معاملات پر غیر ضروری باتوں سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے اقدامات ہونے چاہئیں تاہم کسی بھی آپریشن میں دونوں طرف جانی نقصان سے بچنا ضروری ہے۔

علی امین گنڈا پور کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا رہیں گے جب تک انہیں بانی پی ٹی آئی کا اعتماد حاصل ہے۔

توشہ خانہ کیس کے بارے میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ امید ہے کہ حالات مزید کشیدہ نہیں ہوں گے اور اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کرنے کی ضرورت پیش نہ آئے۔

انہوں نے سینیٹر مشتاق احمد کی قربانی اور کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان پر فخر کرتی ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا