چیئرمین پی سی بی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے نوٹس کے بعد افغانستان فٹبال ٹیم کو ویزے جاری کر دیے گئے۔
محسن نقوی نے آج افغانستان ٹیم کو ویزے جاری نہ کیے جانے کے معاملے کا فوری نوٹس لیا تھا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر انہوں نے تصدیق کی کہ تمام کھلاڑیوں کو ویزے جاری کر دیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائر کا میچ 9 اکتوبر کو شیڈول ہے، تاہم 7 اکتوبر تک افغانستان ٹیم کے بیشتر کھلاڑیوں کو ویزے نہیں مل سکے تھے۔
گزشتہ روز افغانستان ٹیم کے 10 آفیشلز اور 3 کھلاڑیوں کو ویزے دیے گئے تھے، جبکہ باقی پلیئرز جو افغانستان سے باہر مقیم ہیں، انہیں اب ویزے جاری کر دیے گئے ہیں۔






