اگلے سال پاکستان کا پہلا ایسٹروناٹ خلا میں جائے گا، احسن اقبال

0
192

اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال نے اعلان کیا کہ اگلے سال پاکستان کا پہلا ایسٹروناٹ خلا کا سفر کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت بھی پاکستان کے متعدد سیٹلائیٹ خلا میں گردش کر رہے ہیں جو ملکی سائنسی ترقی کا ثبوت ہیں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ خلا سے متعلق ٹیکنالوجی انسان کی تحقیقی صلاحیت کو اجاگر کرنے میں مرکزی کردار ادا کرتی ہے، اسی لیے طالبعلموں کو آغاز سے ہی کائنات کے مطالعے کی طرف راغب کرنا ضروری ہے۔ ان کے مطابق عالمی سطح پر خلا میں نئی جگہ بنانے کی دوڑ جاری ہے اور پاکستان کو بھی اس میدان میں پیچھے نہیں رہنا چاہیے۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اسپیس سائنس میں دلچسپی لیں کیونکہ یہ شعبہ وہ میدان ہے جہاں پاکستان کو ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ احسن اقبال نے بتایا کہ 4 سے 10 اکتوبر تک دنیا بھر کی طرح پاکستان بھی اسپیس ویک منائے گا، جس کے لیے وفاق نے صوبوں کو خصوصی تقریبات منعقد کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلمان سائنسدانوں نے ماضی میں علم و تحقیق کا سنہرا دور قائم کیا لیکن بعد میں ہم نے تحقیق کی روایت ترک کر دی اور دوسروں کے علم پر انحصار شروع کر دیا۔ آج امتِ مسلمہ کے لیے سب سے اہم ضرورت علم سے دوبارہ رشتہ جوڑنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے کو ایسے علما اور دانشور درکار ہیں جو نوجوانوں کو تحقیق، جدت اور ٹیکنالوجی کی طرف لائیں، نہ کہ باہمی نفرت اور فرقہ واریت کی طرف۔ احسن اقبال کے مطابق زندگی کا ہر شعبہ کسی نہ کسی شکل میں خلائی ٹیکنالوجی اور سیٹلائیٹ نظام سے جڑا ہوا ہے اور پاکستان کو بھی اس میدان میں قدم آگے بڑھانا ہوگا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا