اسلام آباد میں سڑکیں کھلنا شروع، جزوی بحالی کے بعد میٹرو بس سروس مکمل بحال

0
286

اسلام آباد انتظامیہ نے منگل کی شام فیض آباد، ریڈ زون اور مرکزی شاہراہوں سے ناکہ بندی ہٹانے کا آغاز کر دیا اور تمام بند سڑکیں کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

چار روز سے معطل رہنے والی میٹرو بس سروس بھی جزوی بحال کر دی گئی ہے۔ راولپنڈی صدر اسٹیشن سے فیض احمد فیض اسٹیشن اور نائنتھ ایونیو تک سروس بحال ہے، تاہم سیکیورٹی کلیئرنس نہ ہونے کے باعث فیض احمد فیض سے پاک سیکریٹریٹ (ریڈ زون) تک راستہ بدستور بند ہے۔

شہریوں نے جزوی بحالی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مستقبل میں ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے ٹرانسپورٹ اور کاروبار متاثر نہ ہوں۔

ٹی ایل پی کے احتجاج کے اعلان کے بعد 9 اکتوبر کو شام 5 بجے میٹرو سروس معطل کی گئی تھی، جس سے روزانہ 1.35 سے 1.5 لاکھ مسافر متبادل مہنگی سواریوں پر مجبور ہو گئے۔ 30 روپے کرایہ دینے والے مسافروں پر اضافی مالی بوجھ پڑا جبکہ سرکاری ملازمین، طلبہ اور مریضوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

طالب علم کبیر نے بتایا کہ اسے چار دن میں کام پر جانے کے لیے روزانہ 200 سے 500 روپے خرچ کرنا پڑے۔ ایک سرکاری ڈاکٹر نے بھی اعتراف کیا کہ سفری اخراجات میں تین سے چار سو روپے اضافہ ہوا۔

انتظامیہ کے مطابق کنٹینرز ہٹانے کے بعد بدھ کی صبح سے میٹرو بس سروس مکمل طور پر بحال کر دی جائے گی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا