واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اسرائیل کو غزہ پر دوبارہ حملے سے روک دیا ہے۔
آسٹریلوی وزیراعظم سے ملاقات کے دوران میڈیا سے گفتگو میں ٹرمپ نے کہا کہ جنگ بندی برقرار رکھنے کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں اور حماس کا مسئلہ جلد حل ہو جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اگر چین سے تجارتی معاہدہ نہ ہوا تو یکم نومبر سے 155 فیصد ٹیرف لگایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ چین نے امریکا کے ساتھ احترام کا رویہ اپنایا ہے اور جنوبی کوریا میں شی جن پنگ سے ملاقات متوقع ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ شی جن پنگ کے ساتھ منصفانہ معاہدے کی امید ہے اور چین سے مضبوط تجارتی ڈیل کے امکانات پر غور کیا جائے گا۔
امریکی صدر نے کہا کہ توقع ہے کہ صدر شی سے تائیوان کے معاملے پر بھی بات ہوگی۔ انہوں نے آسٹریلیا کے لیے نیوکلیئر آبدوزوں کی فراہمی میں تیزی لانے کا اعلان بھی کیا۔
یوکرین جنگ پر بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ جنگ کے خاتمے کی امید ہے، یوکرین اب بھی جیت سکتا ہے مگر اس کی ضمانت نہیں، صورتحال کسی بھی رخ پر جا سکتی ہے۔






