اسلام آباد (طلوع نیوز) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی نےکہا ہے کہ پاک فوج کا حامی ہوں لیکن وہ بھی اپنے اردرگرد بیٹھے لوگوں کودیکھیںکہ ملک کو کس طرف لے جایا جارہا ہے ،ہم حق اور سوچ پر ہیں ،پی ٹی آئی ورکرز ڈٹے رہیں نتیجہ اللہ کے ہاتھ میں ہے ۔
عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے پرویز الہی نے کہاکہ میں بے گناہ ہوں اور مجھے اپنی عدلیہ پر پورا اعتماد ہے،میں شروع سے ہی پاک فوج کا حامی رہا ہوں۔لیکن ان کے لیے یہ لمحہ فکریہ ہے وہ اپنے ارد گرد بیٹھے لوگوں کو دیکھیں کہ ملک اور قوم کو کس طرف لے جایا جا رہا ہے۔چوہدری پرویز الہی نے پی ٹی آئی کے ورکرز کے نام پیغام میں کہا کہ آپ حق پر اور سچ پر ہیں۔آپ پاکستان کے لیے کھڑے ہیں، آپ نے مضبوط رہنا ہے، آپ نے پیچھے نہیں ہٹنا۔ باقی نتیجہ اللہ کے ہاتھ میں ہے۔
انہوں نے کہاکہ کوئی پریس کانفرنس نہیں کروں گا، پی ٹی آئی میں ہوں اور اس میں ہی رہوں گا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنان کے لیے پیغام ہے وہ تگڑے رہیں، گھبرانا نہیں ہے۔پی ٹی آئی صدر کا کہنا تھا کہ اس سارے فساد کی جڑ محسن نقوی ہے، میں نے کسی کے خلاف کوئی سیاسی مقدمہ نہیں بنایا تھا، مجھ پر یہ ظلم محسن نقوی کرا رہا ہے، یہ برا کر رہے ہیں اوربرا ہی بھگتیں گے۔خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویزالٰہی کو پولیس نے گرفتار کرلیا تھا۔پولیس ان کی ضمانت خارج ہونے پر گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہی تھی ،
جبکہ چودھری پرویزالٰہی کچھ روز سے روپوش تھے۔اس سے قبل پولیس نے ان کے گھر کے سامنے سکول کی بھی تلاشی لی تھی، پولیس کو موبائل لوکیشن مل رہی تھی کہ وہ اسی علاقے میں موجود ہیں، پولیس نے ان کی گرفتاری کیلئے وہاں ناکہ لگایا ہوا تھا۔ تاہم چودھری پرویزالٰہی آج جب ظہور الٰہی روڈ پراپنے گھر سے نکل کر گاڑی میں جارہے تھے کہ پولیس نے گاڑی روک کر انہیں گرفتار کیا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی کو ان کے گھر کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔یاد رہے چودھری پرویزالٰہی کیخلاف کرپشن کے مقدمات تھے،
پرویزالٰہی پر ترقیاتی اسکیموں میں کک بیکس لینے کے الزامات ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی اینٹی کرپشن کورٹ میں پیش نہیں ہوئے تھے، گوجرانوالہ کی اینٹی کرپشن عدالت نے ان کی عبوری ضمانت خارج کی تھی۔ عدالت نے انہیں گرفتار کرکے 2جون کو پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ نگران وزیراطلاعات عامر میر نے اپنے مئوقف میں کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے، پرویزالٰہی گھر سے فرار ہوتے ہوئے پکڑے گئے، وہ اینٹی کرپشن کیس میں پولیس کو مطلوب تھے اور مفرور تھے،آج گھر سے دو گاڑیاں نکلیں ایک گاڑی میں پرویزالٰہی تھے اور دوسری گاڑی میں خواتین تھیں، پولیس نے گاڑی کو ناکے پر روکا کہ چیک کرنی ہے، ان کی گاڑی بلٹ پروف تھی وہ گاڑی کا دروازہ نہیں کھول رہے تھے۔






