بھارت نے چترال سے نکلنے والے دریائے کنڑ پر افغان طالبان کی جانب سے مجوزہ ڈیم کی تعمیر میں مدد کی پیشکش کر دی ہے۔
گزشتہ دنوں افغانستان میں برسراقتدار طالبان رجیم کے سپریم لیڈر ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ نے وزارتِ توانائی کو دریائے کنڑ پر جلد از جلد ڈیم کی تعمیر شروع کرنے کا حکم دیا تھا۔ افغان میڈیا کے مطابق سپریم لیڈر نے ہدایت کی تھی کہ اس منصوبے کے لیے ملکی کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کیے جائیں اور غیر ملکی کمپنیوں کا انتظار نہ کیا جائے۔
تاہم تازہ پیش رفت میں بھارت نے افغان طالبان کو اس ڈیم منصوبے میں تعاون کی پیشکش کر دی ہے۔ بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ہفتہ وار پریس کانفرنس میں کہا کہ بھارت ہائیڈروالیکٹرک پروجیکٹس کی تعمیر میں افغانستان کی مدد کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان پانی سے متعلق تعاون کی ایک تاریخ ہے اور ہرات میں سلما ڈیم اس کی مثال ہے۔
بھارتی اعلان پر افغان طالبان نے مثبت ردِعمل دیتے ہوئے خیرمقدم کیا ہے۔ قطر میں طالبان کے سفیر سہیل شاہین نے بھارتی اخبار دی ہندو سے گفتگو میں کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے متعدد مواقع موجود ہیں۔






