پنجاب میں دفعہ 144 کی مدت میں 7 روز کی توسیع

0
549

لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں سات روز کی توسیع کر دی، جو ہفتہ 8 نومبر تک نافذ العمل رہے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے میں ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیاں، دھرنے اور عوامی اجتماعات پر پابندی برقرار رہے گی۔ دفعہ 144 کے تحت چار یا زائد افراد کے عوامی مقامات پر جمع ہونے پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ صوبے بھر میں اسلحہ کی نمائش ممنوع ہوگی جبکہ لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر بھی پابندی برقرار رہے گی۔ لاؤڈ سپیکر صرف اذان اور جمعے کے خطبے تک محدود ہوگا۔ اشتعال انگیز، نفرت آمیز یا فرقہ وارانہ مواد کی اشاعت اور تقسیم پر بھی مکمل پابندی نافذ رہے گی۔

حکومت پنجاب کے مطابق اس فیصلے کا مقصد امن و امان برقرار رکھنا اور انسانی جانوں و املاک کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ پابندی کا اطلاق شادی کی تقریبات، جنازوں اور تدفین پر نہیں ہوگا۔ سرکاری فرائض پر مامور افسران، اہلکار اور عدالتیں بھی اس پابندی سے مستثنیٰ رہیں گی۔

محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ سکیورٹی خطرات کے باعث عوامی جلوس اور دھرنے دہشت گرد عناصر کے لیے سافٹ ٹارگٹ بن سکتے ہیں، اس لیے پابندی کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔ عوامی آگاہی کے لیے دفعہ 144 کے نفاذ کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا