اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج اور افغان رجیم کی مبینہ ملی بھگت کے شواہد سامنے آنے لگے ہیں۔ ذرائع کے مطابق دھماکا دوپہر 12 بج کر 45 منٹ پر ہوا، جب کہ افغان طالبان سے منسلک سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر صبح سے ہی اسلام آباد سے متعلق دھمکی آمیز پوسٹس گردش کر رہی تھیں۔ صبح 6 بج کر 45 منٹ پر ایک افغان ایکس اکاؤنٹ نے “Coming soon Islamabad” کی ٹویٹ بھی کی۔ اس سے قبل افغان ملٹری پریڈ کے دوران بھی لاہور پر جھنڈا لہرانے اور اسلام آباد کو جلانے جیسے بیانات سامنے آئے تھے، جنہیں آماج نیوز نے دو نومبر کو شیئر کیا۔ دھماکے کے وقت ’’خراسان العربی‘‘ نامی اکاؤنٹ کی ٹویٹ نے بھی افغان رجیم کے مذموم عزائم کی نشان دہی کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور دہلی میں ہوئے دھماکے پاکستان مخالف قوتوں کی مشترکہ سازش کا حصہ ہیں جن کا ہدف ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا ہے۔






