برسلز: نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار یورپی یونین کی نمائندۂ اعلیٰ برائے امورِ خارجہ کایا کالاس کی خصوصی دعوت پر تین روزہ سرکاری دورے پر برسلز پہنچ گئے۔
برسلز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ، یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ کے لیے پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی اور سفارتخانے کے افسران نے وزیرِ خارجہ کا پرتپاک استقبال کیا۔
دورے کے دوران اسحاق ڈار برسلز میں ہونے والے پاکستان–یورپی یونین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے ساتویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ وہ چوتھے ای یو انڈو پیسیفک وزارتی فورم میں بھی شرکت کریں گے۔
نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ ’’میری ٹائم سکیورٹی‘‘ سے متعلق خصوصی اجلاس میں بھی شریک ہوں گے، جبکہ اس موقع پر مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی شیڈول کا حصہ ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور یورپی یونین کے مابین تعلقات کو مزید تقویت دینے اور تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ اسحاق ڈار روس کے دارالحکومت ماسکو میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شرکت کے بعد براہِ راست بیلجیئم پہنچے۔






