بھاری انویسٹمنٹ، قطری سرمایہ کاروں کا سندھ کے دورے کا اعلان

0
383

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور قطری شاہی خاندان کے رکن شیخ احمد بن ثانی کے درمیان ملاقات میں سندھ کے پانی اور زرعی شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں دونوں فریقین نے سندھ کی معاشی صلاحیتوں اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے شیخ احمد بن ثانی کو سندھ میں پانی کے انتظام اور زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیل سے بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے لیے بڑے ڈیسالینیشن اور واٹر ڈسٹری بیوشن منصوبے تیار کیے گئے ہیں، جبکہ ٹھٹھہ سے کشمور تک بڑے زرعی منصوبے بھی جاری ہیں جو خاطر خواہ منافع دے سکتے ہیں۔

شیخ احمد بن ثانی نے زرعی شعبے اور پانی کے انتظام میں جدید ٹیکنالوجیز میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مستقبل میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی۔ شیخ احمد بن ثانی نے یہ بھی اعلان کیا کہ قطری سرمایہ کاروں کا ایک وفد جلد سندھ کا دورہ کرے گا تاکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں پر مذاکرات آگے بڑھائے جا سکیں۔

ملاقات میں قابلِ تجدید توانائی، ایگرو پراسیسنگ، ڈیری اور سیاحت کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش پر زور دیا گیا۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اعلیٰ سطح پر رابطے جاری رکھے جائیں گے اور تکنیکی ٹیموں کے درمیان فالو اپ ملاقاتیں شیڈول کی جائیں گی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا