پشاور: عہدے سے ہٹانے کی خبروں پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے پشاور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنر کی تبدیلی کے حوالے سے انہیں کوئی علم نہیں ہے اور اگر میڈیا ہی گورنر لگائے گا تو پھر اللہ حافظ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی تبدیلی کے حوالے سے پارٹی کا جو بھی فیصلہ ہوگا، وہ اسے قبول کریں گے۔
واضح رہے کہ میڈیا کے بعض حلقوں میں گورنر خیبرپختونخوا کو عہدے سے ہٹانے کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق نئے گورنر خیبرپختونخوا کے لیے چھ نام زیر غور ہیں، جن میں تین سیاسی شخصیات اور تین سابق فوجی افسران شامل ہیں۔
سیاسی شخصیات میں امیر حیدر خان ہوتی، آفتاب شیر پاؤ اور پرویز خٹک کے نام زیر غور ہیں۔
گورنر کے عہدے کے لیے سابق کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد ربانی، لیفٹیننٹ جنرل (ر) غیور محمود اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) طارق خان کے نام بھی زیر غور ہیں۔





