لاڑکانہ: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو نے اپنے دور میں عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے ملک میں جمہوریت اور 1973 کے آئین کی بنیاد رکھی۔
پارٹی کے 58ویں یومِ تاسیس کی تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی تاریخ پاکستان کے ماضی اور مستقبل سے جڑی ہوئی ہے، اور پارٹی نے ملک کے متوسط اور پسماندہ طبقے کی نمائندگی کرتے ہوئے انہیں معاشی طور پر مضبوط کرنے کی جدوجہد کی۔
انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے اپنے والد کے بنائے ہوئے آئین کی بحالی، جمہوریت کی بحالی اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے 2 آمروں کے دور میں بھی جدوجہد کی اور لیاقت باغ میں شہادت نوش کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بینظیر بھٹو کے پرچم کو گرنے نہیں دیا اور صدر آصف علی زرداری نے 18ویں ترمیم کے ذریعے آئین کی بحالی کا تاریخی کام انجام دیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ صدر زرداری نے روٹی، کپڑا اور مکان کے فلسفہ کے تحت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، غریب ترین خواتین کو مالی مدد فراہم کی، خیبرپختونخوا کا نام دیا اور بلوچستان میں صوبائی حقوق کی بنیاد رکھی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صدر زرداری نے این ایف سی کے ذریعے تمام صوبوں کو حقوق دیے، اور مئی میں پاکستان اور بھارت کی جنگ میں پاکستان کی افواج نے بھارت کو شکست دے کر بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی حکومت وقت، خارجہ پالیسی اور افواج کے کردار سے مطمئن ہے اور اس جیت کا جشن مناتی ہے۔






