پاکستانی انٹیلی جنس اداروں نے ایک بڑی کارروائی میں داعش خراسان کے ترجمان اور تنظیم کے آفیشل میڈیا وِنگ الاعظائم فاؤنڈیشن کے بانی دہشت گرد خارجی سلطان عزیز اعظّام کو گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق الاعظائم فاؤنڈیشن داعش خراسان کی بھرتی اور پروپیگنڈا سرگرمیوں کا مرکزی نیٹ ورک سمجھی جاتی ہے، سلطان عزیز اعظّام کی گرفتاری کے بعد تنظیم کی میڈیا سرگرمیاں بھی معطل ہو گئی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں داعش خراسان کے خلاف متعدد ہائی پروفائل گرفتاریاں کی گئی ہیں، جن میں سلطان عزیز اعظّام کی گرفتاری ایک اہم پیش رفت ہے۔
اقوامِ متحدہ کی اینالیٹیکل سپورٹ اینڈ سینکشنز مانیٹرنگ ٹیم کی سولہویں رپورٹ کے مطابق پاکستان کی مؤثر کارروائیوں سے داعش خراسان کے تنظیمی ڈھانچے کو عالمی سطح پر شدید نقصان پہنچا ہے، جبکہ کئی منصوبہ بند حملے ناکام بنائے گئے ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ان گرفتاریوں کے بعد داعش خراسان کے جنگجوؤں کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔





