وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے پوری قوم کو قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ ولادت کی مبارکباد دی اور کہا کہ قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت اور سیاسی بصیرت کی بدولت ہمیں پاکستان جیسی عظیم نعمت حاصل ہوئی۔ ان کے ایمان، اتحاد اور تنظیم کے اصول آج بھی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف کو ان کی سالگرہ پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی کہ اللہ انہیں صحت اور طویل عمر عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی اور خوشحالی کی نئی منازل طے کرتا رہے گا۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے دنیا بھر میں بسنے والے مسیحی بہن بھائیوں کو کرسمس کی خوشیاں بھی مبارکباد پیش کیں اور کہا کہ اقلیتیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے لیے سر کا تاج ہیں، جن پر حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ پنجاب حکومت اقلیتوں کو یکساں مواقع اور مکمل تحفظ فراہم کر رہی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ لبرٹی چوک پر نصب 42 فٹ بلند کرسمس ٹری وزیراعلیٰ پنجاب کی مسیحی برادری سے محبت اور یکجہتی کا عملی اظہار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے بھر میں تاریخ میں پہلی بار شاندار چراغاں اور سجاوٹ کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ قائداعظم کے احسانِ عظیم کی بدولت آج ہم ایک آزاد اور خودمختار قوم ہیں، اور ہمیں اس نعمت کی قدر کرنی چاہیے۔






