پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج کرسمس کا تہوار منا رہی ہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں کرسمس کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، کراچی کے گرجا گھروں میں خصوصی عبادات اور دعائیہ تقریبات کا سلسلہ جاری رہا۔
لاہور میں بھی چرچز کو سجا دیا گیا اور خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا، جبکہ اسلام آباد میں بڑی تعداد میں مسیحی برادری نے گرجا گھروں کا رخ کیا۔ مسیحی برادری کرسمس شاپنگ اور عبادات میں مصروف رہی، سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔
صدر اور وزیراعظم نے مسیحی برادری کو دلی مبارکباد دی۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ کرسمس کا تہوار امید، امن اور ہمدردی کا پیغام لے کر آتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تمام اہل وطن کو اس تہوار کی روایتی خوشیاں مبارک ہوں۔ انہوں نے دعا کی کہ یہ کرسمس امن و استحکام اور خوشحالی کی نوید لے کر آئے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مسیحی بھائی پاکستان میں فعال، مثبت اور پر امن برادری کے طور پر قابل قدر کردار ادا کر رہے ہیں۔
محمد شہباز شریف نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں پوری قوم کے شانہ بشانہ ان کی قربانیاں باعث فخر ہیں۔
افواج پاکستان نے بھی ملک کی مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارکباد پیش کی اور قومی ترقی میں ان کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔






