اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک، تیز ہواؤں اور آندھی کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں اور آندھی جھکڑ کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
الرٹ کے مطابق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے اضلاع بشمول چترال، سوات، دیر، کالام اور کوہستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسی طرح اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور دیگر شہروں میں بھی تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی آندھی اور بارش متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور عمارتوں، درختوں، فصلوں اور بجلی کی تنصیبات کو نقصان پہنچا سکتی ہیں جبکہ سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں۔
ادارے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑی احتیاط سے چلائیں اور موسمی صورتحال کے حوالے سے جاری ہدایات پر عمل کریں۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر خصوصی احتیاط برتنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔






