کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ انٹیلیجنس ایجنسیوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان سے ایک خاتون خودکش بمبار کو گرفتار کرکے پاکستان کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔
کوئٹہ میں خاتون کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ گرفتار خاتون کو اسلام آباد میں خودکش حملے کا ہدف دیا گیا تھا تاہم سیکیورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کرکے دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کا بلوچ روایات سے کوئی تعلق نہیں، ہم اپنی بچیوں کو تعلیم دینا چاہتے ہیں جبکہ دہشتگرد انہیں خودکش جیکٹس پہنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خاتون کو دھمکیاں دی گئی تھیں کہ اگر اس نے حملہ نہ کیا تو اس کے والد کو قتل کردیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشتگرد اپنے بین الاقوامی آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے بلوچ خواتین کا استحصال کر رہے ہیں، بلوچ خواتین کبھی اس جنگ کا حصہ نہیں رہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت بچی کو باعزت طریقے سے اس کے والد کے حوالے کر رہی ہے۔
انہوں نے انٹیلیجنس ایجنسیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی اداروں کی بروقت کارروائی سے ملک کو بڑے سانحے سے بچا لیا گیا۔






