امت مسلمہ کو اپنے دفاع کیلئے متحد ہونا ہوگا، کوئی اور ہمارا دفاع نہیں کرے گا: مولانا فضل الرحمان

0
703

کراچی: جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کو اپنے دفاع کے لیے خود متحد ہونا ہوگا کیونکہ کوئی اور ہمارا دفاع نہیں کرے گا۔

کراچی میں اتحاد امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ غزہ اور فلسطین کے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کو پوری دنیا خاموشی سے دیکھ رہی ہے جبکہ امت مسلمہ کئی دہائیوں سے عالمی بربریت اور ظلم کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشترکہ سیاست، مشترکہ معیشت اور مشترکہ دفاع ہی امت مسلمہ کو مضبوط اور متحد بنا سکتا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے کی جے یو آئی نے غیر مشروط حمایت کی تھی اور وہ چاہتے ہیں کہ دیگر اسلامی ممالک بھی اس دفاعی اتحاد کا حصہ بنیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اب مسئلہ قبلہ اول سے ایران تک پہنچ چکا ہے اور عرب ممالک کے لیے یہ متحد ہونے کا وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نفرت اور تعصب کے قائل نہیں بلکہ اختلاف بھی شائستگی اور سلیقے سے ہونا چاہیے۔

جے یو آئی سربراہ کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت ملک میں محبت کی سیاست کر رہی ہے جبکہ علماء، کارکنان اور عہدیدار مسلسل نشانہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ دھاندلی کے ذریعے جے یو آئی کو پارلیمنٹ سے باہر رکھا جاتا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جمعیت کو سیاست نہ سکھائی جائے بلکہ لوگ جمعیت سے سیاست سیکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی کا منشور اسلامی بلاک کے قیام پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں قومی ادارے فروخت کیے جا رہے ہیں، مدارس سے متعلق قانون سازی پر عملدرآمد نہیں ہو رہا جبکہ عوام کو امن، روزگار، تعلیم اور مہنگائی میں کمی چاہیے۔

مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ امریکا اور ایران مذاکرات کے باعث اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرے ملتوی کیے گئے اور جے یو آئی پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتی ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا