اسکردو: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے خبردار کیا ہے کہ اگر پی ٹی آئی پر سیاسی دباؤ اور پابندیوں کا سلسلہ جاری رہا تو جماعت کو نظام سے باہر نکلنے جیسے سخت فیصلوں پر غور کرنا پڑ سکتا ہے۔
گلگت بلتستان میں ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اتنا نہ دبایا جائے کہ وہ خود کو سیاسی نظام سے الگ کرنے پر مجبور ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو اسمبلیوں اور سینیٹ میں رہنے کا جواز بھی ختم ہو سکتا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کی انتخابی سرگرمیوں میں رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں، رہنماؤں اور منتخب نمائندوں کو جلسوں اور انتخابی مہم سے روکنا قبل از انتخاب دھاندلی کے مترادف ہے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ سیاسی رہنماؤں کو روکنا، نقل و حرکت محدود کرنا یا صوبے سے باہر رکھنے کی کوششیں نہ صرف آئین بلکہ جمہوری اقدار کے بھی خلاف ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتیں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوامی حمایت حاصل کرنے کے بجائے مخالفین کو میدان سے باہر کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، تاہم گلگت بلتستان کے عوام ایسے ہتھکنڈوں کو مسترد کر دیں گے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ گلگت بلتستان کے عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے جمہوری عمل کو مضبوط بنائیں گے اور شفاف انتخابات کے حق میں فیصلہ دیں گے۔






