امریکا ایران امن معاہدے کی جنیوا تقریب کی میزبانی پاکستان کرے گا: وزیراعظم شہباز شریف

0
270

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنیوا میں امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والی امن معاہدے کی تقریب کی میزبانی پاکستان کرے گا۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جنگ کی تاریک رات کے بعد امن کا سورج طلوع ہو چکا ہے اور امریکا و ایران نے تمام محاذوں پر فوجی کارروائیوں کے مستقل خاتمے کا اعلان کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں فریقوں نے انتہائی مشکل حالات میں صبر، تحمل اور دانشمندی کا مظاہرہ کیا اور مذاکرات کے ذریعے امن کی راہ ہموار کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ جنیوا میں ہونے والی امن معاہدے کی تقریب کی میزبانی پاکستان کرے گا، جس پر پاکستان سمیت پوری عالمی برادری مبارکباد کی مستحق ہے۔

وزیراعظم نے اپنی تقریر میں نواز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی ہر مرحلے پر میسر رہی۔ انہوں نے صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور اتحادی جماعتوں کی قیادت کو بھی مبارکباد پیش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف دو ممالک کے درمیان ایک معاہدہ نہیں بلکہ امن، مکالمے اور سفارتکاری کی کامیابی کی علامت ہے، جبکہ جنگ اور تصادم کی سوچ کی شکست ہے۔

وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای، ایرانی صدر اور امن عمل میں شریک دونوں ممالک کی مذاکراتی ٹیموں کو بھی مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے نازک اور صبر آزما مراحل میں امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے انتہائی مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا، جس پر وہ خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔

شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے تعاون اور دور اندیش قیادت کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان رہنماؤں کی کاوشوں نے خطے میں امن کے قیام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ تاریخی پیش رفت نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ پوری دنیا میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا