یومِ عاشور عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، سکیورٹی کے سخت انتظامات

0
402

کراچی: نواسۂ رسول ﷺ، حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی یاد میں ملک بھر میں یومِ عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

اس موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں شبیہِ علم، تابوت اور ذوالجناح کے جلوس برآمد کیے جا رہے ہیں، جبکہ مجالسِ عزا کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ عزادار حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک میں مجلسِ عزا کے بعد برآمد ہوا، جبکہ لاہور میں نثار حویلی، اندرون موچی گیٹ سے نکلنے والا مرکزی جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ کی جانب گامزن ہے، جس میں ہزاروں عزادار مرد، خواتین اور بچے شریک ہیں۔

اسی طرح ملتان، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد، راولپنڈی، گلگت، اسکردو، مظفرآباد اور دیگر شہروں میں بھی یومِ عاشور کے جلوس اور مجالسِ عزا منعقد کی جا رہی ہیں۔

حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقا کی تین روز کی بھوک اور پیاس کے بعد کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں مختلف مقامات پر نیاز، سبیلوں اور لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

ملک بھر میں جلوسوں اور مجالس کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ریسکیو ٹیمیں بھی الرٹ ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا