اسلام آباد: آل پاکستان پیٹرول پمپس ایسوسی ایشن نے حکومت کے مجوزہ روزانہ قیمتوں کے تعین کے نظام کے خلاف ملک بھر میں پیٹرول پمپ غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری نعمان علی بٹ نے ویڈیو بیان میں کہا کہ وزارتِ پیٹرولیم کے ساتھ مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا نظام کسی صورت قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ ڈیلی پرائس میکنزم کو مسترد کرتے ہوئے کل رات 12 بجے سے ملک بھر کے پیٹرول پمپ بند کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ حکومت نے نئے پرائسنگ میکنزم کے تحت اوگرا کو پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی ایکس ڈپو قیمتیں روزانہ جاری کرنے کا اختیار دیا ہے، جبکہ نئی قیمتوں کا تعین گزشتہ سات روز کی اوسط عالمی قیمتوں کی بنیاد پر کیا جائے گا۔






