راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی آزمودہ ہے جو وقت کی ہر کسوٹی پر پوری اتری ہے، جبکہ دونوں ممالک کی مسلح افواج خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ تذویراتی مفادات کے تحفظ کے لیے حقیقی شراکت دار ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی (PLA) کے قیام کی 99ویں سالگرہ کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں پاکستان میں تعینات چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ، چینی سفارت خانے کے حکام اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران نے شرکت کی، جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پیپلز لبریشن آرمی کو 99ویں یومِ تاسیس پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے چین کے دفاع، قومی ترقی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے اس کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی چیلنجز کے باوجود ہمیشہ مضبوط رہی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری باہمی اعتماد، احترام اور تعاون پر مبنی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے تقریب کے انعقاد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں اور کردار کو سراہا۔

چینی سفیر نے پاکستان کی مستقل حمایت پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اسٹریٹجک تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔





