وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اسرائیل کے تناظر میں تمام مسلم ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا چاہیے اور پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے درمیان ہونے والا دفاعی معاہدہ اسلامی دنیا کے اتحاد کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے تینوں ممالک کو دہشت گردی جیسے مشترکہ چیلنجز کا سامنا ہے، جبکہ تینوں ممالک کے درمیان ہونے والے دفاعی معاہدے کی تمام تفصیلات مناسب وقت پر عوام کے سامنے لائی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے نے پوری امتِ مسلمہ کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کیا ہے، تاہم اس اتحاد کے دروازے دیگر مسلم ممالک کے لیے بھی کھلے ہونے چاہییں۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے تناظر میں تمام مسلم ممالک کا متحد ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ اسلامی دنیا کے باہمی اختلافات بھی اسی پلیٹ فارم پر بات چیت کے ذریعے حل ہونے چاہییں۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ یہ دفاعی معاہدہ اسلامی دنیا کے اتحاد کی شروعات ہے اور امید ہے کہ مستقبل میں مزید مسلم ممالک بھی اس تعاون کا حصہ بنیں گے، جس سے امتِ مسلمہ کے مشترکہ مفادات، علاقائی سلامتی اور استحکام کو فروغ ملے گا۔





